صحافیوں کے تحفظ کے (ترمیمی) بل 2022ء کو حتمی شکل دینے کیلئے خصوصی کمیٹی تشکیل دیدی گئی، مریم اورنگزیب

اسلام آ باد (آن لائن) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ صحافیوں کے تحفظ کے (ترمیمی) بل 2022ء کو حتمی شکل دینے کے لئے خصوصی کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔ کمیٹی میں اطلاعات، قانون،انسانی حقوق کی وزارتوں اور میڈیا کے نمائندے شامل ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (دستور)کے صدر نواز رضا کی قیادت میں ملنے والے وفد سے بات چیت کرتے ہوے کیا۔ مریم اورنگزیب نے کہا میری خصوصی ہدایت پر جرنلسٹس اینڈ میڈیا پروفیشنلز پروٹیکشن (ترمیمی)بل 2022ؤزارت اطلاعات کو موصول ہو گیا ہے۔ پی ایف یو جے کے وفد نے وفاقی وزیراطلاعات کو صحافیوں کو درپیش مشکلات اور پیشہ ورانہ مسائل سے آگاہ کیا۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا صحافیوں کے تحفظ کے (ترمیمی) بل 2022ء کو حتمی شکل دینے کے لئے خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ کمیٹی میں اطلاعات، قانون،انسانی حقوق کی وزارتوں اور میڈیا کے نمائندے شامل ہیں۔ انہوں نے کہا معاملے کو جلد نمٹانے کے لئے کمیٹی میں وفاقی سیکریٹری اطلاعات و نشریات شاہیرہ شاہدبھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا صحافیوں اور صحافتی تنظیموں سے مزید مشاورت کرکے مسودہ قانون کو حتمی شکل دیں گے۔ انہوں نے کہا صحافیوں کا تحفظ اور پیشہ ورانہ سازگار ماحول فراہم کرنا اتحادی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا وزیراعظم شہبازشریف نے ذمہ داری سنبھالتے ہی میڈیا مخالف قوانین اور ضابطوں کو ختم کرنے کا عمل شروع کیا۔ انہوں نے کہا صحافت زنجیروں میں لپٹی ہو تو جمہوریت بھی پابند سلاسل ہوتی ہے۔ میڈیا اور اظہار رائے کی آزادی کسی پر احسان نہیں بلکہ آئین کا بنیادی تقاضا اور حق ہے۔ انہوں نے کہا آزادی صحافت کا احترام جمہوریت کی بنیاد ہے، میڈیا کی آزادی سے ہی سیاست بھی زندگی پاتی ہے۔ انہوں نے کہا میڈیا کے اداروں اور صحافیوں کو فیک نیوز اور پراپگنڈہ نیوز کو روکنے کے لئے اپنا فعال کردارادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا میڈیا کی آزادی اور احساس ذمہ داری میں توازن سے معاشرے میں بڑھتی تقسیم کو روکا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا اختلاف رائے اور نفرت کے درمیان فرق سمجھانے اور رائے عامہ ہموار کرنے کے لئے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا صحافی تنظیموں کی سفارشات کی روشنی میں مل کر صحافیوں کے مسائل حل کریں گے۔