شہباز شریف کا آئی ٹی برآمدات میں اضافے میں پاکستانیوں کے کردار پر اطمینان کا اظہار

اسلام آباد (آن لائن) وزیر اعظم شہباز شریف نے آئی ٹی برآمدات میں اضافے میں پاکستانیوں کے کردار پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعظم سے جمعہ کے روز پاکستانی تاجروں کی تنظیم سیلیکون ویلی، کیلیفورنیا کے صد ر جنید قریشی نے ملاقات کی۔. ملاقات میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب بھی موجود تھیں. اس موقع پر پاکستان کی آئی ٹی ایکسپورٹ انڈسٹری اور پاکستان میں آئی ٹی/آئی ٹی ای ایس سیکٹر کی اہمیت اور اس کے 2.5 بلین ڈالر سے 15 بلین ڈالر کی صنعت تک بڑھنے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا.۔ ملاقات میں سیلیکون ویلی میں مقیم پاکستانی تارکین وطن کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی گئی۔ وزیراعظم نے پاکستان میں آئی ٹی برآمدات میں اضافے میں پاکستانیوں کے کردار پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے جنید قریشی کی بھی حوصلہ افزائی کی کہ وہ پاکستان میں آئی ٹی انڈسٹری کے فروغ میں اپنا حصہ ڈالیں جس سے ملک میں آئی ٹی ایکسپورٹ میں اضافہ ہو گا۔ جنید قریشی نے ٹیک ڈیسٹینیشن پاکستان کی بین الاقوامی مہم کو بھی زیر بحث لایا اور بتایا کہ حکومت کے لیے یہ کتنا ضروری ہے کہ وہ مارکیٹنگ مہم میں بہت زیادہ سرمایہ کاری کرے تاکہ عالمی سطح پر نمایاں مقام حاصل کیا جا سکے۔ جنید قریشی نے وزیر اعظم کو ستمبر میں اقوام متحدہ کے امریکی دورے کے دوران سلیکون ویلی کا دورہ کرنے اور سلیکون ویلی کی مشہور ترین ٹیک کمپنیوں کے رہنماؤں سے ملنے اور پاکستان کو دنیا کے ٹیک ڈیسٹینیشن کے طور پر پیش کرنے کی دعوت دی۔ ملاقات میں آئی ٹی پالیسیوں میں بہتری کے لیے تجاویز بھی زیر غور آئیں جن کو اپنانے سے ملک میں آئی ٹی ایکسپورٹ کی ترقی کو مزید تقویت مل سکتی ہے۔ اس کے علاوہ ملاقات میں مائیکرو ڈگریوں اور مختصر سرٹیفکیٹس کی اہمیت کے بارے میں بھی بات کی گئی اور بتایا گیا کہ یہ نوجوانوں کو آئی ٹی انڈسٹری میں بھرتی کرنے کے قابل بنانے میں کتنے فائدہ مند ہو سکتے ہیں –