پاک ترک اسٹریٹیجک کوآپریشن کونسل کے 7ویں اجلاس کا مشترکہ اعلامیہ جاری

پاک ترک اعلیٰ سطح کے اسٹریٹیجک کوآپریشن کونسل کے 7ویں اجلاس کا مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔ اعلامیہ کے مطابق پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تعلقات مزید مستحکم اور متنوع بنانے کےلیے اقدامات کیے جائیں گے۔

مشترکہ اعلامیہ کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان دفاع، تجارت، سرمایہ کاری اور بینکاری کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کا اعادہ کیا گیا۔ تعلیم، صحت، توانائی اور مواصلات کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اظہار بھی کیا گیا۔

اجلاس میں پاکستان ترکیہ اسٹریٹیجک اقتصادی فریم ورک کے نتائج کی تعریف کی گئی۔ مشترکہ اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں دہشت گردی کے واقعات کی مذمت اور دونوں ممالک کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔

اجلاس میں اسلاموفوبیا کے بڑھتے رجحان پر گہری تشویش کا اظہار کرنے کے ساتھ مسلمانوں کے خلاف دہشت گردی اور نسل پرستی کے حملوں کی مذمت کی گئی۔