اسلام آباد(آن لائن) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر امیرحیدرخان ہوتی نے کہا ہے اے این پی ایک جمہوری جماعت ہے جس میں فیصلے باہمی مشاورت اور آئینی تقاضوں کے مطابق ہوتے ہیں،ہمارا ہر فیصلہ عوامی مفاد میں ہوگا اور جب بھی کوئی فیصلہ کریں گے تو سب کے سامنے آجائیگا۔ترجمان اے این پی کے مطابق گذشتہ روز اسلام آباد میں امیر حیدر ہوتی کی زیرصدارت بلوچستان سے متعلق اجلاس میں منعقد ہوا جس میں تمام مسائل خوش اسلوبی سے حل ہوئے۔ اس اجلاس سے متعلق ذرائع سے چلنے والی خبریں من گھڑت اور جھوٹ ہیں۔ انکی زیرصدارت اجلاس میں صرف بلوچستان کے پارلیمانی امور پر گفتگو ہوئی۔ حکومتی حمایت ختم کرنے یا اس حوالے سے اجلاس بلانے سے متعلق کوئی گفتگو نہیں ہوئی نہ ہی اس حوالے سے کوئی اجلاس بلانے کا فیصلہ ہوا ہے۔ امیرحیدرخان ہوتی نے کہا کہ اے این پی خیبرپختونخوا کے صدر ایمل ولی خان میری دعوت پر اس اجلاس میں شریک ہوئے۔میڈیا اس قسم کی خبریں پھیلانے سے گریز کریں یا کم ازکم صحافتی اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے پارٹی موقف بھی شائع کریں۔وفاقی حکومت سے متعلق فیصلہ مرکزی پارٹی کرے گی اور مشاورت کیلئے اے این پی کے آئینی ادارے موجود ہیں۔اے این پی ایک جمہوری جماعت ہے جس میں فیصلے باہمی مشاورت اور آئینی تقاضوں کے مطابق ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارا ہر فیصلہ عوامی مفاد میں ہوگا اور جب بھی کوئی فیصلہ کریں گے تو سب کے سامنے آجائیگا۔میڈیا سے اپیل کریں گے کہ اس قسم کی غلط فہمیاں پیدا کرنے سے گریز کریں۔عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی اور صوبائی قائدین کے درمیان مشاورت کا عمل ہر وقت جاری رہتا ہے۔تمام فیصلے باہمی مشاورت سے ہی کئے جاتے ہیں جسکی توثیق پارٹی کے آئینی اداروں سے لی جاتی ہے۔
Load/Hide Comments



