سی پی آرٹیم کاحصہ بننے والے وزیراعظم کی لائف سیونگ ٹیم کاحصہ ہوں گے، سلمان صوفی

اسلام آباد (آن لائن) وزیراعظم کے سٹریٹجک ریفارمز کے سربراہ سلمان صوفی نے کہا ہے کہ سی پی آرٹیم کاحصہ بننے والے وزیراعظم کی لائف سیونگ ٹیم کاحصہ ہوں گے۔ کمپنیوں کے بنک اکاؤنٹس کیلئے آن لائن پورٹل کا اجراء کیاجارہاہے۔ کارپوریٹ اکاؤنٹ24سے 48گھنٹوں میں فعال ہوجائیگا۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا وزیراعظم محمدشہبازشریف جلد سی پی آر پروگرام کا آغازکریں گے۔ انہوں نے کہا وزیر اعظم محمد شہباز شریف ملک میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا چیک سے متعلق سٹیٹ بنک نیاطریقہ کار لارہاہے۔ اوورسیزپاکستانیوں کوچیکس سے متعلق مشکلات کاسامنانہیں کرناپڑیگا۔ انہوں نے کہا سٹیٹ بنک نے ریفارمز تیارکرلی ہیں۔ اوورسیز پاکستانیوں کے لئے آن لائن سسٹم متعارف کرادیاگیاہے۔ پورٹل کے ذریعے اوورسیز پاکستانیوں کی تصدیق کی جائے گی۔ سلمان صوفی نے کہا مختلف بنکوں میں اکاؤنٹ کھلوانے کیلئے باربارڈاکومنٹس طلب نہیں کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا وزیراعظم کی ہدایت پرذہنی صحت سے متعلق پروگرام شروع کیاجارہاہے۔ خواتین سے متعلق سینٹر پنجاب کے علاوہ سندھ میں بھی بنائے جارہے ہیں۔ خواتین کیلئے وویمن آن ویلز پروگرام کا دائرہ کار وسیع کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا ٹرانسجینڈرز کے حقوق سے متعلق اقدامات بھی کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا اسلام آباد میں جانوروں کی مارکیٹ کو ریگولیٹ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا ”سفرسہیلی“کے نام سے ایک اپلی کیشن لانچ کی جارہی ہے۔ ریلوے کے سفر کے دوران کسی بھی مشکل میں اس مدد لی جاتی ہے۔کسی خطرے کی صورت میں اپلی کیشن میں موجود ایک بٹن دبانے سے ٹرین رک جائیگی۔ انہوں نے کہا کمپنیاں اب صارف کے مرضی کے بغیر ڈیٹا کسی اور کمپنی کو نہیں دے سکیں گی۔