اسلام آباد(آن لائن)عالمی درجہ بندی میں نمایاں جگہ حاصل کرنے پر قائداعظم یونیورسٹی میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔قائداعظم یونیورسٹی نے حال ہی میں تین بین الاقوامی رینکنگز میں، دنیا کی بہترین جامعات میں جگہ حاصل کی ہے۔ کیو ایس ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ 2023ء کے مطابق تحقیق کے میدان میں عمدہ کارکردگی اور فیکلٹی سائٹیشن کے باب میں قائد اعظم یونیورسٹی 41 ویں نمبر پر آئی ہے۔ کیو ایس نے دنیا بھر کی بہترین پانچ سو جامعات میں قائد اعظم یونیورسٹی کو 363ویں نمبر پر جگہ دی۔ٹائمز ہائر ایجوکیشن ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ 2022ء کے مطابق قائد اعظم یونیورسٹی ہائر ایجوکیشن پاکستان کی نمبر ایک یونیورسٹی ہے جبکہ ایشیاء کی جامعات میں 116ویں نمبر پر ہے۔یو ایس نیوز اینڈ ورلڈ رپورٹ نے قائداعظم یونیورسٹی کو پاکستان کی نمبر ایک یونیورسٹی قرار دیا جبکہ عالمی سطح پر 461ویں نمبر پر جگہ بنانے میں کامیاب ہوئی۔اس موقع پر وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت رانا تنویر حسین نے یونیورسٹی کے اساتذہ کرام، عملے اور طلبہ کو مبارک باد دی۔ انھوں نے کہا کہ معاشرے اور معیشت پر اثرات کو مدنظر رکھتے ہوئے جامعات کو تحقیق پر توجہ دینی چاہیے۔ انھوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ صنعت سے منسلک ہوں اور موثر حل فراہم کریں۔ وزیر تعلیم نے یقین دلایا کہ یونیورسٹی کے مالی معاملات سمیت تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔
Load/Hide Comments



