اسلام آباد ( آن لائن) حکومت نے پاکستان کے قیام کو 75 برس مکمل ہونے کی ڈائمنڈ جوبلی کی خوشی پر “عزم عالی شان، شاد رہے پاکستان” کے عنوان سے خصوصی “لوگو” جاری کردیا۔وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ پاکستان کے 75 برس مکمل ہونے کے بعد لوگو شائع کرنا محض وطن سے محبت اور اس عزم کی تجدید ہے کہ ہمارے بہادر، عظیم بزرگوں اور شہداء نے کس عزم سے پاکستان بنایا تھاہم اسی عزم کے ساتھ معاشی طور پر اسے مضبوط اور خودانحصار، فلاحی مملکت اور دفاعی لحاظ سے ناقابل تسخیر بنائیں گے تاکہ قیام پاکستان کے حقیقی مقاصد حاصل ہوں اور عوام کی زندگیوں میں وہ آسانیاں آئیں جن کا خواب برصغیر کے مسلمانوں نے دیکھا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ معاشی خود انحصاری کے وڑن سے پاکستان کے نوجوان حقیقی معنوں میں قوم کے معمار بنیں گے، قومی ترقی کے ثمرات پائیں گے۔ تعلیم، روزگار، کاروبار اور زندگی کے تمام شعبوں میں ہراول دستہ بنیں گے، ہم اپنے نوجوانوں کو فیصلہ ساز بنائیں گے جبکہ قیام پاکستان کی طرح ایک اسلامی فلاحی، ترقی یافتہ اور معاشی طور پر خود مختار پاکستان کا خواب بھی سچ ہو کر رہے گا، ان شاء اللہ۔
Load/Hide Comments



