وزیراعلیٰ مریم نواز نے سکول نیوٹریشن پروگرام کا افتتاح کردیا

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سکول نیوٹریشن پروگرام کا باضابطہ افتتاح کردیا۔

ڈی جی خان میں سکول نیوٹریشن پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ لاہور سے ڈی جی خان جتنا بھی دور ہو میں آپ سے دور نہیں ، آپ سب بچوں کیلئے ایسے سوچتی ہوں جیسے ایک ماں سوچتی ہے، یہ بچے میرے لیے وی آئی پیز ہیں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ میرا خیال تھا ڈی جی خان کے بچے مجھے نہیں جانتے لیکن یہ سب بچے مجھے پہلےسے جانتے ہیں،آج مجھے بچوں سے جو پیار ملا وہ بتانہیں سکتی، ڈیرہ غازی خان سے سکول نیوٹریشن پروگرام کا آغاز کیا جارہا ہے، ہم پانچویں کلاس تک کے بچوں کیلئے مفت دودھ کا پروگرام لائے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ میرے پاس پنجاب میں ہزاروں سکول ہیں جن میں لاکھوں بچے پڑھتے ہیں، پاکستان امیر ملک نہیں ہے،وسائل تھوڑے ہیں، اچھا وقت آئے گا اور آرہا ہے، پوری کوشش ہوگی بچوں کی غذائی ضرورت پوری کرنے کیلئے جو کچھ کرسکتی ہوں وہ کروں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ بہت سے لوگ مختلف باتیں کرتے ہیں،جب عملی کام کرنے کی باری آتی ہے تو کچھ نظر نہیں آتا، چاہتی ہوں عملاً آپ کیلئے کچھ کرکے دکھاؤں تاکہ آپ کو لگے آپکی وزیراعلیٰ ماں کی طرح ہے، ہم ڈیرہ غازی خان اور مظفر گڑھ سے اس پروگرام کولانچ کرنے جارہے ہیں۔