وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندہ برائے افغانستان اندریکا رتوت کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی، ملاقات کے دوران دہشت گردی کے حالیہ واقعات کی پُرزور مذمت کی گئی۔
اعلیٰ سطح کے وفد میں اقوام متحدہ کے ریذیڈنٹ کوآرڈینیٹر محمد یحییٰ، فدی ایل اور افغانستان میں اقوام متحدہ مشن کے سربراہ مالک سیسے بھی شامل تھے، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزارت داخلہ آمد پر اقوام متحدہ کے وفد کا خیر مقدم کیا۔
اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندہ برائے افغانستان نے بلوچستان میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کی پُرزور مذمت کی، وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاکستان میں حملوں میں کالعدم ٹی ٹی پی کے ملوث ہونے کے بارے میں وفد کو آگاہ کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ دہشت گردی ایک عالمگیر مسئلہ ہے، پاکستان دہشت گردی سب سے زیادہ متاثر ملک ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز، پولیس اور شہریوں کی قربانیوں کی نظیر نہیں ملتی۔



