ہم اس وقت حالت جنگ میں ہیں، بلوچستان میں جو ہورہا ہے سب کے سامنے ہے: اسلام آباد ہائیکورٹ

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا ہے کہ ہم اس وقت حالت جنگ میں ہیں اور بلوچستان میں جو ہورہا ہے سب کے سامنے ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے پی ٹی آئی کے اسلام آباد جلسے کا این او سی معطل کرنے پر توہین عدالت کیس کی سماعت کی جس سلسلے میں پی ٹی آئی وکیل شعیب شاہین اور ایڈووکیٹ جنرل نے دلائل دیے۔

دوران سماعت شعیب شاہین نے کہا کہ ہمارا جو خدشہ تھا ہمارے ساتھ وہی ہوا ہے، ہمیں جلسےکی اجازت دی گئی اورپھرآخری دن این او سی معطل کردیاگیا، انتظامیہ نے پی ٹی آئی کو 22 اگست کو جلسے کا بیان حلفی عدالت میں دیا تھا۔

اس پر چیف جسٹس نے سوال کیا کہ کیا جلسےکا این او سی امن وامان کی صورتحال کے باعث معطل کیا گیا؟ ہم اس وقت حالت جنگ میں ہیں، بلوچستان میں جو ہورہا ہے سب کے سامنے ہے۔