دہشتگرد پاکستان کی ترقی اور سی پیک روکنا چاہتے ہیں، انکے مذموم ارادے ناکام ہوں گے: وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے آئین اور سبز ہلالی پرچم کو تسلیم کرنے والوں سے بات چیت کے راستے کھلے ہیں مگر دشمن کے ساتھ نہ بات چیت ہو سکتی ہے نہ ہی نرم رویہ اختیار کیا جا سکتا ہے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ چند دنوں میں دہشتگردی کے اندوہناک واقعات ہوئے، حالیہ دہشت گردی کے واقعات میں 50 سے زائد شہری اور سکیورٹی فورسز کے اہلکار بھی شہید ہوئے۔

و زیراعظم نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان، کرک میں بھی بے گناہ لوگوں کو شہید کیا گیا، فتنہ الخوارج کے دہشتگرد افغانستان سے آپریٹ کرتے ہیں، دہشتگردوں کے خلاف مؤثر آپریشن بھی ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں دہشتگردی کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، بلوچستان میں دہشتگردی کا مقصد ملک میں خلفشار پیدا کرنا ہے، دہشتگردوں نے بس سے اتار کر معصوم لوگوں کو شہید کیا۔