وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ 38 معصوم شہریوں کو شہید کیا گیا، کسی بلوچ نے کسی پنجابی کو نہیں مارا، دہشت گردوں نے پاکستانیوں کو مارا ہے۔
کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں، انہیں قرار واقعی سزا دی جائے گی،21 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا ہے، یہ ظلم اور نسل کشی ہے، ان دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں، ہمدردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، معصوم لوگوں کو بسوں سے اتار کر نشاندہی کرکے شہید کیا گیا۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ دہشت گردوں سے بدلہ لیا جائے گا، یہ کارروائیاں کرنے والے ناراض بلوچ نہیں بلکہ دہشت گرد ہیں، یہ دہشت گرد زمین پر فساد پھیلا رہے ہیں، ریاست مظلوم کے ساتھ کھڑی ہے، یہ ریاست کی لڑائی ہے، یہ لڑائی عدلیہ، میڈیا، سول سوسائٹی نے بھی لڑنی ہے۔



