وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ بالآخر 9 مئی کے ماسٹر مائنڈ نے منصوبہ بندی کا اعترافِ گناہ کرلیا۔
اپنے ایک بیان میں مریم نواز نے کہا ہے کہ 9 مئی کے مجرم نے منصوبہ سازی اور سہولت کاری کا اعتراف کرلیا، یہ جماعت نہیں انتشاری ٹولہ ہے، انتشاری ٹولے کا مقصد صرف اور صرف شر پسندی کے ذریعے ریاست کو نقصان پہنچانا ہے.
مریم نواز نے کہا ہے کہ زمان پارک دہشت گردوں کا تربیتی ہیڈ کواٹر بنا رہا، زمان پارک سے پیٹرول بم بنانے اور ریاست پر حملے کی تربیت دی جاتی رہی، 4 ماہ ٹانگ پر پلستر باندھنے کے ڈرامے کے دوران 9 مئی کی منصوبہ بندی کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ یہ کیسا پُرامن احتجاج تھا جس میں 200 سے زائد فوجی تنصیبات پر حملے ہوئے، ایئر فورس کے طیاروں کو آگ لگائی گئی، کور کمانڈر ہاؤس جلایا گیا اور شہدا کی یادگاروں کی توہین کی گئی۔
مریم نواز نے کہا کہ پاکستان کو ڈیفالٹ کرانے اور آئی ایم ایف کو خط لکھنا اس بڑی سازش کا حصہ ہے، سائفر لہرانے کی سازشیں، شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی اس بڑی سازش کا حصہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شواہد اور ثبوتوں کی موجودگی میں آئین اور قانون پر عمل کیا جانا چاہیے، شرپسند اور انتشاری ٹولے کے خلاف سخت کارروائی ملکی سلامتی اور قومی مفادات کا تقاضا ہے، یہ وہی سازشی گروہ ہے جس نے دوست ممالک کو پاکستان سے دور کیا۔



