الیکشن کمیشن نے فواد چوہدری کے قابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے

الیکشن کمیشن نے فواد چوہدری کے قابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔

بانی پی ٹی آئی اور فواد چوہدری کے خلاف چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کی توہین کے کیس کی سماعت ممبر نثار درانی کی سربراہی میں چار رکنی بینچ نے کی۔

اس موقع پر شعیب شاہین کے معاون وکیل کمیشن کے سامنے پیش ہوئے جن سے پوچھا گیا کہ آپ کے پاس وکالت نامہ ہے تو جمع کرائیں۔

ڈپٹی ڈائریکٹر لاء الیکشن کمیشن صائمہ جنجوعہ نے کہا کہ ہائی کورٹ میں بانی پی ٹی آئی کیلئے اس کیس میں کوئی حکم امتناع نہیں، جنوری میں آخری بار ہائیکورٹ میں اس کیس کی سماعت ہوئی تھی، ہائیکورٹ نے حتمی آرڈر پاس کرنے سے روکا تھا لیکن کارروائی کی جاسکتی ہے۔

سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی کے وکیل بولے کہ الیکشن کمیشن جوابدہ کی ورچوئل حاضری کو یقینی بنا سکتا ہے۔

ممبر کمیشن نے کہا کہ جوابدہ کیا ویڈیو لنک سے حاضری لگوا سکتے ہیں، سول کیسز میں تو حاضری ضروری نہیں، کرمنل کیس میں حاضری لازمی ہے۔

پراسیکوٹر الیکشن کمیشن نے کہا کہ قانون شہادت میں آپ ٹیکنالوجی کو استعمال کر سکتے ہیں، کورٹ ورچوئل حاضری کی اجازت دے سکتی ہے۔

ممبر الیکشن کمیشن نے سوال کیا کہ شعیب شاہین کہاں ہیں جس پر معاون وکیل نے جواب دیا کہ شعیب شاہین ہائی کورٹ میں کیس میں مصروف ہیں۔