صارم برنی دوروزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے

معروف سماجی کارکن صارم برنی کو جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی نے بچوں کو غیر قانونی بیرون ملک بھیجنے اور سمگلنگ کیس میں دوروزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا۔

سماجی رہنماصارم برنی کو جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی میں بچوں کو غیر قانونی طور پر بیرون ملک بھیجنے اور سمگلنگ کیس میں ایف آئی اے کی جانب سے عدالت میں پیش کردیا گیا۔

ایف آئی اے کی جانب سے عدالت سے صارم برنی کو جسمانی ریمانڈ پر دینے کی استدعا کی گئی، تفتیشی افسر نے کہا کہ صارم برنی سے بچوں سے متعلق تفتیش کرنی ہے، صارم برنی کو جسمانی ریمانڈ پر دیا جائے، عدالت نے صارم برنی سے استفسار کیا کہ آپ کے وکیل کہاں ہیں؟ جس پر انہوں نےکہا کہ میرے وکیل آرہے ہیں تھوڑا وقت دیا جائے۔

صارم برنی کی جانب سے وکیل سید آصف علی عدالت پیش ہوئے ، وکیل کی جانب سے صارم برنی کی وکلا ٹیم کو پیش ہونے کے لئے وقت دینے استدعا کی گئی ۔

عدالت نے صارم برنی کی وکلا ٹیم کو پیش ہونے کے لئے 15 منٹ کی مہلت دے دی ، عدالت نے کیس کی سماعت کچھ دیر کے لئے ملتوی کردی۔

دوبارہ سماعت پر عدالت نے صارم برنی کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے حوالے کرتے ہوئے تفتیشی افسر سے آئندہ سماعت پرپیش رفت رپورٹ طلب کرلی۔