عدت میں نکاح کیس دوسری عدالت میں ٹرانسفر کرنے کی درخواست منظور

عدت میں نکاح کیس میں بڑی پیشرفت ہوئی ہے، اسلام آباد ہائی کورٹ نے کیس دوسری عدالت میں ٹرانسفر کرنے کی درخواست منظور کر لی۔

عدالت نے کیس ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکا کی عدالت کو ٹرانسفر کر دیا۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شاہ رخ ارجمند نے کیس ٹرانسفر کے لیے چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کو خط لکھا تھا۔

عدت میں نکاح کیس اب ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکا سماعت کریں گے۔

یاد رہے کہ خاور مانیکا نے جج شاہ رخ ارجمند پر اعتراض کیا تھا۔

سماعت کے آغاز پر سیشن جج شاہ رخ ارجمند نے کہا کہ رضوان عباسی سے مشاورت کر کے بتا دیں آپ چاہتے کیا ہیں۔

معاون وکیل خاور مانیکا نے سیشن جج سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا کیس کسی اور عدالت میں ٹرانسفر کر دیں۔

جج شاہ رخ ارجمند نے کہا کہ عدم اعتماد کی درخواست پہلے بھی خارج ہو چکی ہے، جو بتانا ہے اپنے وکیل کو بتا دیں۔

خاور مانیکا نے سیشن جج سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ سے فیصلہ نہیں کروانا چاہتا۔

سیشن جج شاہ رخ ارجمند نے خاور مانیکا سے سوال کیا کہ اس کی وجہ کیا ہے؟ بار بار عدم اعتماد کیا جا رہا ہے، ایک بات چیت ہوتی، کچھ ٹھوس وجہ ہے تو بتائیں، کسی نہ کسی جج نے تو فیصلہ کرنا ہے۔