آج تا 27 مئی سندھ و پنجاب میں ہیٹ ویو کا امکان

آج سے 27 مئی تک ملک کے بیشتر علاقوں بالخصوص پنجاب اور سندھ میں گرمی کی لہر (ہیٹ ویو) کا امکان ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق سندھ اور پنجاب میں 21 سے 23 مئی کے دوران دن کا درجۂ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔

گرمی کی شدت، تپتی دھوپ اور آگ برساتے سورج کے باعث سندھ، پنجاب، بلوچستان اور خیبر پختون خوا میں موسم گرم اور خشک ہے، شدیدی گرمی کے باعث شہریوں کے معمولاتِ زندگی متاثر ہوئے ہیں۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق کراچی میں آئندہ 3 روز کے دوران موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، کراچی میں درجۂ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہ سکتا ہے۔

شہرِ قائد میں کل سے درجۂ حرارت میں مزید بڑھنے کا امکان ہے، بدھ اور جمعرات کو درجۂ حرارت 37 سے 39 ڈگری تک جا سکتا ہے،جبکہ اس دوران سمندری ہوائیں بحال رہنے کا امکان ہے۔

دوسری جانب سندھ کے دیگر شہرہیٹ ویو کی لپیٹ میں ہیں، جہاں درجۂ حرارت 6 سے 8 ڈگری سینٹی گریڈ زائد رہنے کا امکان ہے۔

حیدرآباد، مٹیاری، ٹنڈوالہٰ یار،ٹنڈومحمد خان میں درجۂ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری زائد، کراچی، ٹھٹہ، سجاول، جامشورو میں درجۂ حرارت معمول سے 2 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ زائد رہنے کا امکان ہے جبکہ جامشورو میں آج شام کہیں کہیں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

کراچی میں میٹرک کے امتحانات ملتوی
کراچی میں ہیٹ ویو کے پیشِ نظر اسکولوں کے جاری میٹرک کے امتحانات آج 21 مئی تا 27 مئی ملتوی کر دیے گئے ہیں، ملتوی شدہ پرچے 28 مئی لیے جائیں گے۔