وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز کی زیرصدارت صوبائی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس

لاہور (آن لائن)وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز شریف کی زیرصدارت 90شاہراہ قائد اعظم پر صوبائی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس منعقدہوا،جس میں صوبائی وزراء، مسلم لیگ اور پیپلز پارٹی کے اراکین پنجاب اسمبلی نے شرکت کی-وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ میں عام آدمی کو ریلیف دینے پر پورا فوکس کیا گیا ہے۔عوام ہماری طرف دیکھ رہے ہیں،ہم نے عوام کی امیدوں پر پورا اترنا ہے۔ 3 ماہ تک پنجاب میں جان بوجھ کر آئینی بحران پیدا کیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ تمام تر رکاوٹوں کے باوجود پنجاب کے عوام کو سستے آٹے کی فراہمی پر 200ارب روپے کی سبسڈی دی۔ارادے نیک اور سمت درست ہو تو اللہ تعالٰی کی مدد بھی شامل حال ہوتی ہے۔مشکلات آتی رہتی ہیں اور اللہ تعالیٰ ان مشکلات میں آسانیاں پیدا کرتے ہیں۔آپ میری ٹیم ہیں اور میرے دروازے آپ سب کے لئے ہمیشہ کھلے ہیں۔عوام کی مشکلات میں کمی کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی اور عوام کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرنے کے لیے مل کر کام جاری رکھیں گے۔اجلاس میں نئے مالی سال 2022-23 کے بجٹ کی منظوری کے حوالے سے حکمت عملی طہ کی گئی- صوبائی وزیر داخلہ عطا اللہ تارڑ نے بھی اجلاس سے خطاب کیا-