دنیا بھر میں گزشتہ ایک سال میں صحافیوں نے قربانیوں کی داستان رقم کی ہے، فیصل کریم کنڈی

اسلام آباد (آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں گزشتہ ایک سال میں صحافیوں نے قربانیوں کی داستان رقم کی ہے، غزہ میں سب سے زیادہ صحافی فرائض کی انجام دہی کے دوران جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ عالمی یوم صحافت پر اپنے پیغام میں فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پیپلز پارٹی آزادی صحافت اور آزادی اظہار رائے پر یقین رکھتی ہے سندھ حکومت کی جانب سے صحافیوں کے تحفظ کے لیئے بنایا جانے والا قانون مثالی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اتحادی حکومت بھی صحافیوں کے حقوق کی فراہمی کے حوالہ سے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے موجودہ حالات میں آذاد اور خود مختار صحافت کے ساتھ ساتھ ذمہ دارانہ صحافت بھی انتہائی ضروری ہے ذمہ دارانہ صحافت کو پس پشت ڈالنا اپنے پیشہ اور ملک وقوم کے ساتھ زیادتی ہے ماحولیاتی تبدیلی نے پاکستان کے لیئے مشکلات میں اضافہ کردیا ہے جس کا ادراک ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کو چاہیئے کہ موسمیاتی تغیر سے پیدا مسائل اور اسکے سدباب کے بارے میں عوام میں آگہی پیدا کریں عوام اور ریاست کے مفادات کے لیئے ذمہ دارانہ صحافت کو فروغ دینا ضروری ہے۔ فیصل کریم کنڈی کا مزید کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی صحافت پر دباو، دھونس، جبر اور صحافیوں کی کردار کشی کی مہم کے مخالف ہیں اختلاف رائے پر صحافیوں کو دھمکیاں دینا انکی ٹرولنگ انتہائی نامناسب عمل ہے خواتین صحافیوں کو درپیش مشکلات کا ہمیں ادراک ہے پوری قوم کو اس حوالہ سے ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا خواتین صحافیوں کی ٹرولنگ میں ملوث عناصر کی حوصلہ شکنی انتہائی ضروری ہے صحافت کی آڑ میں ملک دشمن قوتوں کے ایجنڈے پر عمل پیرا عناصر کو صحافی قرار نہیں دیا جاسکتا۔