علی امین گنڈا پور کے گوشواروں میں غلط بیانی کا معاملہ

اسلام آباد (آن لائن) الیکشن کمیشن نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے سالانہ گوشواروں میں غلط بیانی کے معاملے پر دائر درخواست خارج کردی۔سوموار کے روز چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیشن نے سماعت کی، ڈی جی پولیٹیکل فنانس مسعود اختر اور وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کے وکیل الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔ اس موقع پر درخواست گزار کفیل احمد نے علی امین گنڈاپور کی نااہلی کے خلاف دائر درخواست واپس لے لی۔جس پر الیکشن کمیشن نے علی امین گنڈاپور کے خلاف کفیل احمد کی درخواست واپس لینے کی بنیاد پر خارج کردی۔دوران سماعت وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے وکیل نے کمیشن کو بتایا کہ پشاور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کا ازخود نوٹس معطل کردیا ہے جس پر ممبرخیبرپختونخوا نے استفسار کیا کہ کیا پشاور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو حتمی فیصلے سے روکا ہے جس پر وکیل نے کہا کہ پشاور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو کارروائی کرنے سے بھی روکا ہے جس پر الیکشن کمیشن نے علی امین گنڈاپور کے خلاف کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔