ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کو دیوار سے لگانے کیلئے استعمال کئے گئے حربے کسی سے ڈھکے چھپے نہیں تھے‘ مسرت چیمہ

لاہور (آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی لازوال جدوجہد کی سب سے بڑی کامیابی عوام میں شعور کا بیدار ہونا ہے،ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کو دیوار سے لگانے کیلئے جو حربے استعمال کئے گئے وہ کسی سے ڈھکے چھپے نہیں تھے، ظلم اور جبر کے باوجود پی ٹی آئی کے رہنماؤں، کارکنان اور سپورٹرز نے ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ کارکنوں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ کارکنان حوصلہ رکھیں تاریک رات جلد ختم ہونے والی ہے، ہماری جدوجہد کا واحد مقصد ملک میں آئین و قانون کی حکمرانی ہیاور اس سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کے امیدواروں کو لیول پلینگ فیلڈ نہیں دی گئی، اجتماعات کے انعقاد پر مقدمات کا اندراج کرایا گیا اور ہراساں کیا گیا لیکن اس کے باوجود ہمارے کارکنان میں کسی طرح کا خوف نہیں ہے اور وہ پر امن جدوجہد کو آگے بڑھانے کے لئے پرعزم ہیں۔ مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ موجودہ حکمران سب اچھا کی رپورٹ دے کر عوام کو زیادہ دے کر بیوقوف نہیں بنا سکتے بلکہ ان کی اور معیشت کی حقیقت جلد سامنے آئے گی۔