برآمدی شعبے کی مکمل استعداد سے بھرپور فائدہ اٹھانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں،شہباز شریف

اسلام آباد(آن لائن)وزیرِ اعظم شہباز شریف نے آئندہ پانچ سالوں میں ملکی برآمدات دو گْنا کرنے کیلئے لائحہ عمل اور وزارت تجارت کو کامیاب آنٹرپرونور اور اسٹیک ہولڈر سے مشاورت کے بعد لائحہ عمل مرتب کرکے پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت برآمدی شعبے کی ترقی پر اعلی سطحی اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوا. اجلاس میں وفاقی وزراء جام کمال خان، رانا تنویر حسین، ای-کامرس شعبے کے نامور برآمد کنندہ آنٹرپرونورز بشمول یوٹوپیا کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر جبران نیاز، ذیشان شاہ، سلمان احمد اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی،اجلاس کو پاکستان میں برآمدی شعبے کی ترقی کیلئے تجاویز پیش کی گئیں. وزیرِ اعظم کو برآمدی شعبے کی سہولت کیلئے سفارشات اور برآمدات کو فروغ دینے کیلئے لائحہ عمل پر بھی بریفنگ دی گئی،وزیرِ اعظم نے وزارت تجارت کو تمام اسٹیک ہولڈرز اور آنٹرپرنیورز سے مشاورت کے بعد ملکی برآمدات کو آئندہ پانچ برس میں دوگْنا کرنے کے حوالے سے لائحہ عمل مرتب کرکے پیش کرنے،ای کامرس شعبے میں برآمد کنددگان، جو پاکستان میں اپنی مصنوعات بنا کر دنیا بھر میں برآمد کرتے ہیں، کو سہولیات فراہم کرنے اوروزارت تجارت کو Made in Pakistan برانڈ برآمد کرنے والوں کے مسائل کے فوری حل کی ہدایت کردی،وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کے برآمدی شعبے کی مکمل استعداد سے بھرپور فائدہ اٹھانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں،آئی ٹی، گھریو استعمال کی مصنوعات، ٹیکسٹائل اور منفرد شعبوں کی برآمدات کے فروغ کیلئے شعبے کے اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے،ایسی برآمدات جو عالمی ویلیو چینز کا حصہ ہوں انکی صنعت کی ترقی کی حوصلہ افزائی کیلئے سفارشات مرتب کرکے پیش کی جائیں۔