لاہور(آن لائن) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطاء تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت عوام کی فلاح وبہبود کیلئے کوشاں ہے، آج وفاقی کابینہ کا اجلاس ہورہاہے،وزیراعظم نے وزارتوں کی کارکردگی جانچنے کا تہیہ کیا ہے،تاریخ میں پہلی مرتبہ وزارتوں کو تحریری طور پر اہداف دیئے گئے ہیں،پوری دنیا میں ہمارے آئی ٹی ماہرین کی مانگ ہے، پاکستان میں غیر قانونی غیر ملکی شہریوں کے حوالے سے بھی اہداف مقرر کئے گئے، سمگلنگ کی روک تھام کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں،پی آئی اے کا سالانہ 80 ارب روپے کا خسارہ ہے،پی آئی اے کی نجکاری کا معیشت پر مثبت اثر پڑے گا۔ لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کوشاں ہے، وزیر اعظم نے ہر وزارت کے لیے اہداف مقرر کیے ہیں، وزیر اعظم نے اگلے 5 سال کیلئے وزارتوں کے اہداف مقرر کر دیئے، وزیر اعظم نے کارکردگی کو جانچنے کا تہیہ کیا ہے، جس کے لیے ہر وزارت کو حقیقت پر مبنی اہداف دیئے گئے ہیں۔وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ ایف بی آر کو ڈیجیٹلائزیشن کے حوالے سے ہدف دیا گیا ہے، جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ان اہداف کو دیکھا جائے گا، تحریری طور پر تمام وزارتوں کو اہداف سے متعلق آگاہ کیا گیا ہے، وزارت خزانہ کو مہنگائی، بیروزگاری میں کمی کا ہدف دیا گیا ہے، وزارت خزانہ کو گروتھ، آئی ایم ایف پروگرام، قرضہ جات پر اہداف ملے۔عطا تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ماضی میں ڈیلیور کرکے دکھایاہے، سولہ ماہ کی حکومت میں ملک میں استحکام آیا ہے، اب بھی شاہانہ اخراجات میں کمی کی جارہی ہے، کابینہ ارکان میں کوئی تنخواہ مراعات نہیں لے رہا، کابینہ عوام کو جوابدہ ہے کیوں کہ عوام کا ووٹ لے کر ہم اقتدارمیں آئے ہیں، غیردستاویزی کاروبار ہورہا ہے، اس کو ٹیکس نیٹ میں لانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تصدق حسین جیلانی اچھی شہرت کے حامل ہیں وہ غیر متنازعہ شخصیت ہیں اور پورا پاکستان جانتا ہے کہ وہ ایماندار اور فرض شناس جج رہے ہیں، ان پر کسی کو شک نہیں تصدق جیلانی کی سربراہی میں کمیشن قائم کیا گیا ہے، وہ اپنی ذمہ داری احسن طریقے سے نبھانے کی صلاحیت رکھتے ہیں تصدق جیلانی کی صحت کے حوالے سے ہمارے سامنے کوئی معاملہ نہیں آیا سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے دفاتر پاکستان میں کھولنے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں گے وزیراعظم کافوکس ہے کہ بوجھ ان پر ڈالا جائے جو اسے برداشت کرنے کی سکت رکھیں انشاء اللہ آنے والے دنوں میں عوام کے لئے مزید ریلیف کا اعلان کیا جائے گا۔قبل ازیں لاہور میں ایسٹر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایسٹر پر مسیحی برادری کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، ہماری ذمے داری ہے کہ آپ کے حقوق کا تحفظ کریں، ہمیں امن اور ہم آہنگی کا پیغام دینا ہے، امن، محبت اور خوش حالی کو فروغ ملنا چاہیے، آئین کہتا ہے سب کے حقوق برابر ہوں گے، ہم مل جل کر اس ملک کو عظیم بنائیں گے، مسیحی برادری نے بہت عزت اور تکریم دی۔عطاء تارڑ کا مزید کہنا ہے کہ میں 70 ہزار مسیحی ووٹرز کا نمائندہ بن کر قومی اسمبلی میں آیا ہوں، قیامِ پاکستان میں مسیحی برادری کا اہم کردار ہے، مسیحی برادری نے ملکی سلامتی، بقا اور ترقی کے لیے بے پناہ قربانیاں دیں، مسیحی برادری کے حقوق کا تحفظ یقینی بنائیں گے، ہمیں اتحاد اور ہم آہنگی کو فروغ دے کر معاشرے سے نفرتوں کا خاتمہ کرنا ہے، مسیحی برادری کے ساتھ مل کر ملکی ترقی و خوشحالی کے لیے کام کریں گے۔
Load/Hide Comments



