وزیراعظم کی ایسٹر کے تہوار پر پاکستان اور دنیا بھر کی مسیحی برادری کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش

اسلام آباد (آن لائن) وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے ایسٹر کے تہوار پر پاکستان اور دنیا بھر کی مسیحی برادری کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی اور کہا ہے کہ ایسٹر کا دن ہمیں حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے پیار، رواداری اور عفو و درگزر کے پیغام پر غور کرنے اور اس کو اپنانے کا ایک موقع فراہم کرتا ہے۔ انہی اقدار کو اپناتے ہوئے ہم آج کی تنازعات سے بھری اس دنیا کو امن و آشتی کا گہوارہ بنا سکے ہیں۔اس پرمسرت موقع پر میں پاکستان کے قیام اور اس کی سماجی و اقتصادی ترقی کی جدوجہد میں اپنی مسیحی برادری کے کلیدی کردار پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ وہ پاکستان کی ترقی اور استحکام میں اپنا فعال کردار ادا کرتے رہیں گے۔ہمیں فخر ہے کہ پاکستان مختلف عقائد اور ثقافتوں کا خوبصورت امتزاج ہے۔ آئیں ہم ایک روادار اور مربوط معاشرے کی تعمیر کے لیے متحد ہو کر کام کریں۔ آئیں ہم مل کر ان ملک دشمن قوتوں کو شکست دیں جو ہمارے معاشرے کے تانے بانے کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہی ہیں۔آج کے دن ایک بار پھر سیہم اپنی تمام اقلیتوں کی سماجی ترقی اور فلاح و بہبود کے لیے کام کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ہماری تمام مسیحی برادری کو پْرامن ایسٹر کی مبارکباد!پاکستان پائندہ باد۔”