سیدہ شہلا رضا پاکستان ہاکی فیڈریشن کی تاریخ میں پہلی خاتون صدر منتخب ہوگئیں

لاہور (آن لائن) سیدہ شہلا رضا پاکستان ہاکی فیڈریشن کی تاریخ میں پہلی خاتون صدر منتخب ہوگئیں۔ شہلا رضا کا انتخاب پی ایچ ایف کانگریس ممبران نے کراچی میں منعقدہ اجلاس میں کیا۔ اجلاس میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے کانگریس ممبران کے علاوہ ملحقہ ڈیپارٹمنٹس نے بھی حصہ لیا۔ پی ایچ ایف کانگریس ممبران نے متفقہ طور پر شہلا رضا کو بقیہ مدت کے لئے صدر منتخب کیا، اولمپیئن سمیع اللہ خان ایڈوائزر برائے صدر پی ایچ ایف تعینات کردیئے گئے۔ پی ایچ ایف کانگریس نے متفقہ رائے سے شجاع اقبال راجہ کوسیکرٹری فنانس منتخب کرلیا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کا غیرمعمولی اجلاس رماڈا پلازہ ہوٹل، کراچی میں منعقد ہوا جس میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کانگریس ممبران نے شرکت کی۔ پی ایچ ایف آئین 12.10.2 کے تحت سیکٹری پی ایچ ایف حیدر حسین کی جانب سے بلوائے گئے اجلاس میں پی ایچ ایف کے ملحقہ محکمہ جانت نیشنل بینک اور پاکستان کسٹمز کینمائیندگان نے بھی شرکت کی اور انتخاب کے عمل میں حصہ لیا۔ پی ایچ ایف کانگریس ممبران نے اتفاق رائے سے سیدہ شہلا رضا کو صدر جبکہ شجاع اقبال راجہ کو بطور سیکرٹری فنانس منتخب کرلیا۔ اجلاس میں وزیراعظم پاکستان کی سفارشات کے تحت ہاکی کلبوں کی سکروٹنی اور پی ایچ ایف الیکشن کے عمل کی بھی توثیق دی گئی۔ سکروٹنی اور الیکشن کے عمل کے لئے قائم کردہ پانچ رکنی کمیٹی کو سکروٹنی کا عمل شروع کرنے کے احکامات کی منظوری، ہاکی کی بہتری کے لئے کلب لیول سمیت سکول و کالج میں ہاکی کے کھیل کی حوصلہ افرائی کے اقدامات پر بھی منظوری دی گئی۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی تاریخ کی پہلی نومنتخب صدر سیدہ شہلا رضا نے کانگریس ممبران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہاکی کے مسائل کا بخوبی علم ہے تاہم اس پر مستقل طور پر قابو پانے کے لئے جامع حکمت عملی تسکیل دینگے۔ انہوں نے اولمپیئن سمیع اللہ خان کو مشیر برائیصدر پی ایچ ایف تعینات کرنے کا اعلان کیا انہوں نے کہا کہ ہاکی کے مسائل پر قابو پانے کے لئے مثبت سوچ کے ساتھ میدان عمل میں آئینگے۔ پاکستان ہاکی ٹیموں کی انٹرنیشنل رینکنگ کو انٹرنیشنل ایونٹ میں شرکت سے بہتر بنایا جاسکتا ہے جس کے لئے فنڈز درکار ہیں۔ ایسے وقت میں جہاں ہاکی فیڈریشن کے کھلاڑیوں سمیت پی ایچ ایف ملازمین سات ماہ سے بغیر تنخواہ کے کام کررپپے ہیں وہاں یہ ایک مشکل ٹاسک ہے لیکن حل نکالا جائیگا۔ ی ایچ ایف کانگریس ممبران سمیت نیشنل بینک، پاکستان کسٹمز نمایندگان نے نومنتخب صدر سیدہ شہلا رضا اور نومنتخب سیکرٹری فنانس پی ایچ ایف شجاع اقبال راجہ کو مبارکباد پیش کی.