سابق وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے سینیٹ انتخابات کیلئے کاغذات جمع کروا دئیے

اسلام آباد(آن لائن) سابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے سینیٹ انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کروا دئیے، انوار الحق کاکڑ کے کاغذات نامزدگی سینیٹر دنیش کمار نے جمع کروائے۔الیکشن کمیشن کے مطابق کوئٹہ سے اب تک ایک امیدوار نے کاغذات جمع کرایا ہے جبکہ سینیٹ انتخابات کیلئے سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا اور پی ٹی آئی کے ولید اقبال،مسلم لیگ ن کی طرف سے سعیدالٰہی نے بھی ٹیکنوکریٹ کی نشست کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کروا دئیے ہیں جبکہ ٹیکنوکریٹ کیلئے پی ٹی آئی کے اعظم خان سواتی اور سید ارشاد حسین نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں جبکہ جنرل نشستوں پرعرفان سلیم، فیصل جاوید، مرزا محمد آفریدی اور اظہر قاضی مشوانی نے کاغذات جمع کروائے ہیں جبکہ طلحہ محمود اور دلاور خان بھی سینیٹ الیکشن کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کروا چکے ہیں۔اسی طرح سینیٹ انتخابات میں حصہ لینے کیلئے مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے کاغذات نامزدگی حاصل کرلئے ہیں۔پاکستان مسلم لیگ ن نے پرویز رشید،ناصر بٹ،طلال چوہدری کو بھی کاغذات نامزدگی جمع کروانے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ ایم کیو ایم کی جانب سے سینیٹ الیکشن لڑنے کیلئے فروغ نسیم، فرحان چشتی، شبیر قائم خانی، ہمایوں عثمان، ابو بکر صدیقی اور روف صدیقی بھی کاغذات جمع کرائیں گے۔