پاکستان امریکہ کے ساتھ دیرینہ دوستانہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، ایاز صادق

اسلام آباد (آن لائن) نو منتخب سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کرتے ہوے انھیں عہدہ سنبھالنے کی مبارکباد دی اور انکے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ سپیکر ایاز صادق نے امریکی سفیر کا شکریہ ادا کرتے ہوے کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ دیرینہ دوستانہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ پاک امریکہ پارلیمانی روابط کے فروغ کی ضرورت ہے۔ یہ روابط دونوں مما لک کے عوام کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں ۔ امریکی سفیر نے کہا کہ امریکہ بھی پاکستان کے ساتھ خوشگوار تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے پاکستان میں جمہوری عمل کو مضبوط بنانے کے لئے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی و بین الاقوامی امن و خوشحالی کے لئے اجتماعی کوششیں ضروری ہیں۔