ماہ صیا م سے قبل ہی پھلوں اور سبزیوں کے نرخوں میں ہوشربا اضافے نے شہریوں کو شدید مشکلات سے دوچار کردیا

اسلام آباد(آن لائن) ماہ صیا م سے قبل ہی پھلوں اور سبزیوں کے نرخوں میں ہوشربا اضافے نے شہریوں کو شدید مشکلات سے دوچار کردیا،ٹماٹر 250روپے،آلو 120روپے اور پیاز450روپے فی کلو تک پہنچ گیا،پھلوں کے نرخ عوام کی قوت خرید سے باہر ہوگئے،ضلعی انتظامیہ نے بھی چھاپوں کے نام پر دیہاڑیاں لگانی شروع کردی۔وفاقی دارلحکومت سمیت ملک بھر میں پھلوں اور سبزیوں کے نرخوں میں مصنوعی اضافے نے شہریوں کی مشکلات میں مذید اضافہ کردیا ہے ضلعی انتظامیہ کی ناقص کارکردگی کی وجہ سے گلی محلوں میں موجود دکانوں اور ریڑھیوں پر سبزی اور پھل بیچنے والوں نے بھی اپنے ریٹ ڈبل کر لئے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری ہونے والے نرخ نامے کے مطابق ٹماٹر کانرخ فی کلوزیادہ سے زیادہ185روپے ہے جبکہ مارکیٹ میں 250روپے تک پہنچ گیا ہے پیاز کانرخ 380روپے جبکہ مارکیٹ میں 450روپے آلو کا سرکاری نرخ 85روپے فی کلو جبکہ مارکیٹ میں 120روپے،کھیرے کا سرکاری نرخ 90روپے جبکہ مارکیٹ میں 120سے 150روپے فی کلو،شلجم کا سرکاری ریٹ 60روپے جبکہ مارکیٹ میں 90سے 100روپے فی کلوشملہ مرچ کا سرکاری ریٹ 300جبکہ مارکیٹ میں 400روپے فی کلو فروخت ہورہی ہے اسی طرح ایرانی کالا کلو سیب کا سرکاری نرخ 350روپے فی کلو جبکہ مارکیٹ میں 450سے 500روپے فی کلو،کیلا250سے300روپے فی درجن،خربوزہ 200سے 300روپے فی کلوجبکہ امرود 250سے 350روپے فی کلو تک پہنچ گیا ہے وفاقی دارلحکومت کی مارکیٹ کمیٹی کی جانب سے روزانہ کی بیناد پر نرخ نامہ جاری کرکے ہر دکاندار،ٹیلہ لگانے والے اور ریڑھیوں کو 20روپے کی عوض فراہم کیا جاتا ہے جس سے روزانہ کی بنیاد پر لاکھوں روپے کمائے جاتے ہیں مگر ضلعی انتظامیہ کے افسران نرخ نامہ نہ ہونے پر تو ریڑھی بانوں کو حراست میں لینے کے ساتھ ساتھ جرمانے عائد کرتے ہیں تاہم ان اقدامات سے قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں کوئی مدد نہیں ملتی ہے۔