افغانستان اور ایران کے ساتھ سرحدی تجاری جاری رکھنی چاہیے،سینیٹر مشاہد حسین سید

اسلام آباد(آن لائن) ایوان بالا میں سینیٹر مشاہد حسین سید نے افغانستان اور ایران کے ساتھ سرحدی تجارت کو فوری طور پر جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے حکومت کو فوری اقدامات اٹھانے کا مشورہ دیا ہے۔بدھ کے روز سینیٹ اجلاس کے دوران سینیٹر سید مشاہد حسین سید نے کہاکہ پاکستان افغانستان کی تجارت کے حوالے سے ایک سیمینار سے آیا ہوں وہاں پرکہا گیا کہ ایک وقت ہماری تجارت 5ارب ڈالر تھی مگر اب پابندیوں کی وجہ سے گذشتہ تین ماہ سے تاجروں نے دھرنا دیا ہوا ہے انہوں نے کہاکہ ہمارے چار پڑوسی ممالک ہیں مگر تین پڑوسیوں کے ساتھ ہمارے تعلقات ٹھیک نہیں ہیں انہوں نے کہاکہ اس وقت افغانستان اور ایران کے ساتھ بھی ہمارے تعلقات ٹھیک نہیں ہیں انہوں نے کہاکہ ہمیں اقتصادی راہداری کو ان ممالک کے ساتھ تجارت کیلئے استعمال کرنا چاہیے اور سرحدوں پر تجارت کو جاری رکھنا چاہیے انہوں نے کہاکہ اس حوالے سے ایک ٹاسک فورس بنانے کی ضرورت ہے سرحدوں کو بند کرنے سے نہ صرف تجارت کو نقصان پہنچتا ہے بلکہ عوام کو بھی مشکلات کا سامنا ہے انہوں نے کہاکہ ہمیں اس طریقہ کار کو بدلنا چاہیے۔