پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کو کالعدم قرار دیا جائے،الیکشن کمیشن میں متفرق دارخواستیں دائر

اسلام آباد(آن لائن) پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کو کالعدم قرار دیا جائے،الیکشن کمیشن میں متفرق دارخواستیں دائر کر دی گئیں،درخواستیں محمود احمد،محمد مزمل ساندھواور اکبر ایس بابر کی جانب سے جمع کرائی گئی ہیں۔منگل کے روز الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کے خلاف تین متفرق درخواستیں دائر کی گئیں درخواستوں میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ہم پی ٹی آئی کے بانی اراکین میں شامل میں اور ہمیں انٹرا پارٹی انتخابات میں شرکت سے روکا گیا ان انتخابات کو کالعدم قرار دیا جائے اور الیکشن کمیشن کی نگرانی میں دوبارہ انتخابات کرائے جائیں۔اس موقع پر میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے اکبر ایس بابر نے کہاکہ مجھے دانستہ انٹرا پارٹی انتخابات سے دور رکھا گیا اور اس حوالے سے ایک پریس ریلیز جاری کی گئی اس کے ساتھ ساتھ مجھے دھمکیاں بھی دی گئیں انہوں نے کہاکہ پارٹی کا یہ اقدام سپریم کورٹ کے فیصلے کی توہین ہے انہوں نے کہاکہ ہم نے جو درخواست دی ہے اس میں مطالبہ کیا ہے کہ ان کے خلاف توہین کی کاروائی شروع کی جائے کیونکہ یہ پارٹی ایک مخصوص ٹولے کے قبضے میں ہے جو اسے اقتدار کیلئے استعمال کرتی ہے انہوں نے کہاکہ اس ٹولے کو خوف ہے ہم اس پارٹی کو دوبارہ ورکرز کے ہاتھوں میں دیں گے انہوں نے کہا کہ اس وقت نام نہاد قیادت صبح ناشتے کے وقت ایک جماعت دوپہر کے وقت دوسری رات کو تیسری جماعت میں ہوتے ہیں یہ کبھی بھی نہیں چاہیں گے کہ یہ جماعت اپنے اصولوں پر جائیں انہوں نے کہاکہ میں نے مطالبہ کیا ہے کہ اس انتخاب کو کالعدم قرار دیا جائے انہوں نے کہاکہ انٹرا پارٹی انتخابات کو جمہوریت کا ٹچ دینے کیلئے بلوچستان میں نام نہاد انتخابات کرائے انہوں نے کہاکہ ہم نے مطالبہ کیا ہے کہ جو بھی ممبران سنی اتحاد کونسل میں چلے گئے ہیں ان کی رکنیت فوری طور پر ختم کی جائے انہوں نے کہاکہ جب تک الیکشن کمیشن اور پاکستان کے آئین کے تحت انٹرا پارٹی انتخابات نہ کرائے جائیں اس وقت تک ان کو انتخابات کرانے سے روکا جائے اور موجودہ انتخابات کو کالعدم قرار دیا جائے اور انہیں پی ٹی آئی کے پلیٹ فارم کو استعمال کرنے سے روکا جائے۔