محمود اچکزئی کو امیدوار نامزد کرکے تحریک انصاف نے برانڈ تبدیل کرلیا،خواجہ آصف

اسلام آباد(آن لائن) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماء خواجہ آصف نے پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقتدار کی ہوس کیلئے اپنی پارٹی چھوڑ کر دوسروں کے پاس چلے گئے،محمود اچکزئی کو صدارتی امیدوار نامزد کرکے تحریک انصاف نے اپنا برانڈ بھی تبدیل کرلیا ہے۔جب برانڈ تبدیل ہوتا ہے تو لیڈر بھی تبدیل کیا جاتا ہے۔ایوان میں لوٹا لوٹا کی آواز لگانے والوں نے خود سارے لوٹے اکھٹے کر لئے ہیں۔شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سنی اتحاد کونسل تازہ ترین لوٹا ازم ہے، اقتدار کے ہوس کیلئیآپ اپنی پارٹی چھوڑ کر دوسروں کے پاس گئے۔سنی اتحاد کونسل نے لسٹ ہی نہیں دی، سنی اتحادپہلے ہی لکھ کر دے چکی ہے کہ ہمیں کوئی مخصوص نشست نہیں چاہیے۔پی ٹی آئی کی لیڈرشپ چار چار جماعتوں کی منکوحہ رہی ہے۔ دوسروں کو لوٹا لوٹا کہہ رہے تھے اور خود لوٹوں کی بارات اکٹھے بیٹھی ہوئی تھی۔ سنی اتحاد کونسل تازہ ترین لوٹا ازم ہے۔ اقتدار کی ہوس میں انہوں نے اپنی پارٹی کا نام تبدیل کرلیا۔ خواجہ آصف نے مزید کہا کہ شہبازشریف نے بہت آفرز ملنے کے باوجود بھائی کے ساتھ وفاکی۔شہبازشریف کل دوسری مرتبہ وزیراعظم پاکستان منتخب ہوں گے، مولانافضل الرحمان کے ساتھہ ہمارے ذاتی تعلقات بھی ہیں، سیاست میں کبھی کوئی بات حتمی نہیں ہوتی۔سیاست میں بات چیت کے دروازے ہمیشہ کھلے رکھنے چاہیں۔ ہمارے مولانا کے ساتھ رابطے منقطع نہیں ہوئے ہیں۔مولانا فضل الرحمان کے تحفظات کو جلد دور کرینگے اور ان کو اپنے ساتھ حکومت میں شامل کرینگے۔انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں اقتدار میں سب کو ساتھ لیکر چلیں تاکہ ملک کے مسائل کا حل مل کر نکالا جائے۔ملک اس وقت کسی نئے سانحہ کا متحمل نہیں ہوسکتا۔احتجاج کی بجائے ہمیں ملک کی ترقی کے بارے میں سوچنا چاہیے۔