اسامہ میر نے پی ایس ایل کی تاریخ میں نیا ریکارڈ بنا ڈالا

لاہور(آن لائن)اسامہ میر پی ایس ایل کی 9 سالہ تاریخ میں ایک اننگ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے اسپن باولر بن گئے، لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے ٹاکرے میں پاکستان سپر لیگ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کوئی اسپنر ایک اننگ میں 5 سے زائد وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب۔ تفصیلات کے مطابق منگل کے روز پاکستان سپر لیگ 9 کے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے آخری میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کیخلاف ایسا ریکارڈ بنا ڈالا جو 9 سالوں میں کوئی اسپن باولر نہ بنا سکا۔اسامہ میر نے اس میچ میں 6 وکٹیں حاصل کیں، یوں پاکستان سپر لیگ کی 9 سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی اسپن باولر نے 6 وکٹیں حاصل کیں۔ منگل کے روز ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے 14ویں میچ میں ملتان سلطانز نے دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کو 60 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر ایونٹ میں پانچویں کامیابی حاصل کرلی۔ملتان سلطانز کے 215 رنز کے ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کی ٹیم 17 اوور میں صرف 154 رنز پرآوٹ ہوگئی۔