الیکشن کمیشن میں 26 فروری کو ایک اہم اجلاس بلایا گیا ہے جس میں فیصلہ کیا جائیگا

اسلام آباد(آن لائن)پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ ارکان کی شمولیت کے بعد مخصوص نشستوں کیلئے سنی اتحاد کی درخواست پر آئندہ ہفتے تک فیصلہ نہ ہوا تو نشستیں باقی پارٹیوں میں بانٹ دی جائیں گی،مخصوص نشستوں کیلئے پی ٹی آئی ارکان کی سنی اتحاد کونسل میں شمولیت کے بعد سے پانچوں اسمبلیوں میں حلف برداری کا عمل شروع ہوگیا ہے۔ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کے ترجمان نے بتایا ہے کہ کمیشن نے ایس آئی سی کے قانونی ونگ سے درخواست کی ہے کہ وہ پروسیسنگ شروع کرے، اس مقصد کیلئے کمیشن کو تاحال یہ فیصلہ کرنا ہے کہ آیا اسمبلیوں میں مخصوص نشستوں کے حوالے سے سنی اتحاد کونسل کو اسمبلی کی نشستیں دینا ہیں یا نہیں۔بالفرض کمیشن درخواست مان لیتا ہے تو اس سے سنی اتحاد کونسل کی عددی طاقت پانچوں اسمبلیوں میں بڑھ جائے گی لیکن قومی اسمبلی اور تین دیگر صوبائی اسمبلیوں میں اس کا اقلیتی سٹیٹس تبدیل نہیں ہوگا۔ایک اور اہم پیشرفت یہ ہوئی ہے کہ الیکشن کمیشن میں 26 فروری کو ایک اہم اجلاس بلایا گیا ہے جس میں قانونی ونگ کے نتائج کی روشنی میں معاملات کا فیصلہ کیا جائیگا۔