پارٹی حکومت میں آکر ماضی کے رکے ہوئے ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کرینگے، شہباز شریف

لاہور،کوئٹہ (آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی صدر سابق وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف نے کہا کہ پارٹی حکومت میں آکر ماضی کے رکے ہوئے ترقیاتی منصوبوں جس میں بلوچستان میں میگا پروجیکٹس، تعلیم، صحت، امن کی بحالی، سی پیک سمیت دیگر منصوبوں کو کامیاب بنانے کے لئے اپنی ترجیحات میں شامل رکھے گی اور حکومت سازی کے حوالے سے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جارہا ہے آزاد اراکین اور دیگر جماعتوں کے ساتھ ملکر آگے بڑھیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ماڈل ٹاؤن لاہور میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما نومنتخب رکن صوبائی اسمبلی میر عاصم کرد گیلو نے ملاقات کی واضح رہے یہ ملاقات میاں محمد شہباز شریف کی خصوصی دعوت پر ون ٹو ون ہوئی اور بعدازاں اس ملاقات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنماؤں ملک احمد خان، عطا تارڑ، اور میاں شہباز شریف کے صاحبزادے میاں سلمان شہباز بھی موجود تھے ملاقات ایک گھنٹے سے زائد جاری رہی ملاقات میں بلوچستان کے میگا پراجیکٹس، صحت تعلیم، سی پیک، امن وامان، جیسے منصوبوں پر تفصیلی بات چیت ہوئی اور سی پیک کے نامکمل منصوبوں کو مکمل کرنے جیسے معاملات کا جائزہ بھی لیا گیا، اس ملاقات میں میر عاصم کرد گیلو نے میاں محمد شہباز شریف کو بلوچستان میں،حکومت سازی کے سلسلے میں جمعیت علما اسلام سمیت آزاد منتخب ہونے والے اور اپنی جماعت کے نومنتخب اراکین صوبائی اسمبلی سے متعلق تفصیلات سے بھی آگا ہ کیا اس پرسابق وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف نے مزید رابطوں کو تیز کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں ملک بالخصوص بلوچستان کی فلاح، بہبود کے لئے تندہی سے کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ بلوچستان کی پسماندگی اور عوام میں پائے جانے والے احساس محرومی کو دور کیا جاسکے۔