عمران خان کے کہنے پر لاہور قلندرز کا کپتان بنایا گیا، شاہین آفریدی

لاہور(آن لائن) قومی ٹیم کے ٹی20 کپتان شاہین شاہ آفریدی نے انکشاف کیا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے لاہور قلندرز کی مینجمنٹ کو مجھے کپتان بنانے کا مشورہ دیا تھا۔ کرک انفو کو دیئے گئے انٹرویو میں قومی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے کہا کہ میں نے انڈر-19 یا ڈومیسٹک سطح پر کبھی کسی ٹیم کی بطور کپتان نمائندگی نہیں کی لیکن 2021 میں لاہور قلندرز کے مالک ثمین رانا اور ہیڈکوچ عاقب جاوید کے ہمراہ جب سابق وزیراعظم عمران خان کے دفتر میں بیٹھا تھا، جب عمران خان نے مجھے کپتان بنانے کا مشورہ دیا۔لاہور قلندرز کی کپتانی شاہین آفریدی کو ملنے سے قبل فرنچائز مسلسل ناکامیوں سے دوچار تھی، متعدد کپتان تبدیل کیے جانے کے باوجود ٹیم کی قسمت نہ کھلی۔لاہور قلندرز نے شاہین کی قیادت میں 2022 کا ٹائٹل جیتا جبکہ 2023 میں اسکا دفاع کرنے والی پہلی ٹیم بنی۔ انہوں نے کہا کہ سال 2022 میں لاہور قلندرز کیلئے ٹائٹل جیتنے کے بعد سابق کپتان اور وزیراعظم عمران خان سے ملنے گیا تھا اور ان سے کہا کم از کم اب ہم نے ایک ٹائٹل جیت لیا ہے!، جب میری کپتانی شروع ہوئی تب تک مجھے کوئی دلچسپی نہیں تھی۔عمران خان نے کہا کہ زیادہ تر عظیم فاسٹ باولرز کپتان رہے ہیں کیونکہ فاسٹباولرز کے پاس فیلڈ سیٹ کرنے کا اختیار ہوتا ہے اور وہ دوسرے فاسٹ باولرز کو سمجھتے ہیں کہ انہیں کس چیز کی ضرورت ہے اور وہ کیا کر رہے ہیں۔ اس کی طرف سے حکمت کی وہ چند باتیں میرے لیے بہت قیمتی تھیں اور میں انہیں اس کا پورا کریڈٹ دینا چاہوں گا۔