دبئی(آن لائن)پاکستان کے نوجوان کرکٹر اعظم خان نے کہا ہے کہ چار سالوں میں ایک بھی مکمل انٹرنیشنل سیریز کھیلنے کا موقع نہیں ملاجس پر مایوسی ہوئی، یا تو پوری سیریز کھلائیں یا مجھے مکمل طور پر باہر کردیں۔ یو اے ای میں جاری آئی ایل ٹی ٹونٹی کی فرنچائز ڈیزرٹ وائپرز میں شامل اعظم خان نے تجربہ کار پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کے ہمراہ ایک پوڈ کاسٹ میں شرکت کی۔جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرنے والے اعظم خان نے پوڈ کاسٹ میں کہا کہ لیگ کرکٹ میں میری صلاحیتوں کے مطابق بہتر مواقع ملتے ہیں اور فرنچائزز میری میچ جیتنے کی صلاحیت جانتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چار سالوں کے دوران ایک مرتبہ بھی مکمل انٹرنیشنل سیریز کھیلنے کا موقع نہیں ملا جس کا مجھے افسوس ہے۔انہوں نے کہا کہ جب میں صاف ذہن کے ساتھ کرکٹ کھیلتا ہوں تو بہتر کارکردگی میں مدد ملتی ہے، اگر کوئی میری صلاحیتوں پر سوال اٹھاتا ہے تو مایوسی ہوتی ہے اور پرفارمنس پر اثر پڑتا ہے۔واضح رہے کہ اعظم خان نے گزشتہ روز آئی ایل ٹی ٹونٹی کی تاریخ میں تیز ترین نصف سنچری سکور کرنے کا ریکارڈ اپنے نام کیا، انہوں نے گلف جائنٹس کے خلاف18 بالوں پر تیز ترین ففٹی سکور کرکے ویسٹ انڈین کرکٹر کیرون پولارڈ کا ریکارڈ توڑا۔
Load/Hide Comments



