شریعت کے مطابق خواتین کیلئے پولنگ اسٹیشن الگ ضروری ہیں، طاہر اشرفی

لاہور (آن لائن) پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ عورتوں کے ووٹ پر واضح فتویٰ دے چکے ہیں انہیں ووٹ کا حق ہے، شریعت کے مطابق خواتین کے لیے پولنگ اسٹیشن الگ ہو نے ضروری ہیں۔ ووٹ گواہی ہے اسے نہ چھپایا جائے۔ جامعہ منظور اسلامیہ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ 8 فروری کو ووٹ ڈالیں، ووٹ گواہی ہے اسے نہ چھپا نے کا حکم ہے تاہم انہوں نے کہا کہ ان لوگوں کو ووٹ ڈالا جانا چاہیے جو ملک و نظریہ پاکستان سے مخلص ہوں۔انہوں نے کہا کہ 5 فروری کو پاکستان و دنیا میں یوم یکجہتی کشمیر منایا جاتا ہے، دنیا کے دو مسائل فلسطین اور کشمیر 75 سال سے سلگ رہے ہیں، 5 فروری کو پیغام دینا ہے کشمیر کو بھارت سے نجات حاصل کرنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کی آزادی کے لیے دنیا کو متحد کرنا ہو گا، تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کے 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر پر اجتماعات ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر و فلسطین میں مظالم ڈھائے جا رہے ہیں، بھارت کشمیریوں کے حقوق غصب کرنا چاہتا ہے، فلسطین کی طرح کشمیر میں ہندوآباد کاری کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی عوام حق خودارادیت کے لیے کھڑی ہے آزادی کے متوالے قربانیاں دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر دنیا کی سب سے بڑی جیل بنا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت مسئلہ کشمیر حل کیا جائے۔ آرمی چیف سید عاصم منیر نے پہلی تقریر میں اس بات کو دہرایا کہ خطے میں امن چاہتے ہیں، پاکستان پڑوسیوں کے ساتھ اچھا سلوک چاہتا ہے لیکن مذاکرات کا راستہ کشمیر سے جاتا ہے۔حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ پاک فوج و اداروں کے خلاف غلیظ پروپیگنڈا مہم شروع کی گئی، فوج و اداروں کے خلاف مہم کا میر جعفر و میر صادق کا احتساب ہونا چاہیے۔