ملکی سالمیت کو خطرے میں ڈالنے والوں کو دس سال سزا ہوگئی،مریم نواز

ہارون آباد(آن لائن) مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ مسائل کاشکار عوام نواز شریف کو یاد کررہے ہیں،جب روٹی، بجلی،گیس مہنگی ہوتی ہے تو عوام نواز شریف کو یادکرتی ہے،جو کہتے تھے نواز شریف کی سیاست ختم ہوگئی ہے آؤ دیکھ لو آج عوام کا سمندر اور دیکھو کس کی سیاست ختم ہوگئی ہے کون آج عوام میں ہے اور کون جیل میں ہے، ملکی سالمیت کو خطرے میں ڈالنے والوں کو آج دس سال سزا ہوگئی، جب پانامہ جیسے ڈرامے میں نواز شریف کو سزا ہوئی تو عمران خان مٹھائیاں کھا رہا تھا آج مکافات عمل دیکھ لو اسے بھی دس سال سزا ہوگئی اور نواز شریف کو اللہ نے سرخرو کردیا ہے اور اس کی سزا پر خوشیاں نہیں منائی بلکہ آج آپ کے درمیان کھڑے ہوکر آپ کے مسائل پر بات کررہاہے کہ ان کو کیسے ختم کیا جائے۔ ہارون آباد میں انتخابی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ نوازشریف نے لوڈشیڈنگ ختم کرنیکا وعدہ پورا کیا، ہم نے آپ کے مسائل کو مدنظر رکھ کر منشور بنایا۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ جس کی خیبرپختونخوا میں 10 سال حکومت رہی، اس نے منشور نہیں دیا، پوری قوم جانتی ہے اس کا منشور پیٹرول بم ہے۔رہنما مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے کبھی کوئی ایسا وعدہ نہیں کیا، جو پورا نہ ہوا ہو، اگر ہمیں منتخب کیا تو ایک ایک وعدہ پورا کریں گے، عوام کی تکالیف دور کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ایک جماعت کے اپنے صوبے کے اسکولوں میں مویشیوں کے علاوہ کچھ نہیں ملتا، ایک جماعت کا منشور پیٹرول بم ہے، جو انہوں نے سیکیورٹی اہلکاروں پر چلائے۔کیا کوئی سیاسی جماعت اپنے کارکنوں کو دہشت گردی کی تربیت دیتی ہے؟ کیا وہ قومی سلامتی اور سکیورٹی اداروں پر حملوں کی تربیت دیتی ہے؟انہوں نے حاضرین سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ عوام کو جب روٹی مہنگی ہے تو نواز شریف یاد آتا ہے، بے روزگاری ہو تو نواز شریف یاد آتا ہے۔ چار سال کی دْوری کے باوجود بھی عوام کی نواز شریف سے محبت میں کوئی کمی نہیں آئی، بلکہ یہ محبت پہلے سے زیادہ بڑھ گئی ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ مجھے کسی نے تصویر دکھائی کہ جب نواز شریف کو پاناما جیسے ڈراما کیس میں سزا ہوئی تو عوام خان لوگوں کو مٹھائی کھلا رہا تھا، آج عمران خان کو دس سال کی سزا ہوئی ہے، لیکن نواز شریف نے نہ کوئی خوشی منائی نہ کسی کو مٹھائی کھلائی۔ مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کو سزا اس بات پہ ہوئی تھی کہ اس نے اپنے بیٹے سے تنخواہ نہیں لی۔ اس مذاق کا تماشا پوری دنیا نے دیکھا اور رہتی دنیا تک لوگ پاناما جیسے بدنام زمانہ فیصلے کا مذاق اڑاتی رہے گی۔مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کا جرم بیٹے سے تنخواہ نہ لینا نہیں تھا، مگر اس کا جرم کوئی مذاق نہیں تھا، اس نے سنگین جرم کیا تھا۔ جب اس نے دیکھا کہ اقتدار جا رہا تھا کہ تو وزیراعظم ہوتے ہوئے اس نے جھوٹا کاغذ لہراتے ہوئے کہا کہ میرے خلاف سازش ہوئی ہے، اس نے قومی سلامتی کے ساتھ کھیلا۔ آپ بتائیں عمران خان کو سزا ٹھیک ہوئی ہے یا غلط ہوئی ہے.