پاکستان ویمنز ٹیم کی تاریخی کامیابی نیوزی لینڈ کیخلاف ٹی20 سیریز جیت لی

ڈونیڈن (آن لائن) پاکستان ویمنز ٹیم نے تاریخی کامیابی سمیٹتے ہوئے پہلی بار نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی20 سیریز جیت لی۔ تفصیلات کے مطابق سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 10 رنز سے شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز میں 2 صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی ہے، نیوزی لینڈ کے شہر ڈونیڈن میں سیریز کے دوسرے ٹی 20 میچ میں نیوزی لینڈ ویمنز نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی، قومی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر137 رنز بنائے جو نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان ویمنز کا اب تک کا سب سے بڑا اسکور بھی ہے، ایک موقع پر اس کی 4 وکٹیں 86 رنز پر گرگئی تھیں، پہلے میچ کی ٹاپ اسکورر شوال ذوالفقار 7، بسمہ معروف 21 اور کپتان ندا ڈار 14 رنز بناکر آوٹ ہوئیں، پاکستان ویمنز کی جانب سے اوپنر منیبہ علی نے 28 گیندوں پر35 رنز بنائے جب کہ آل راونڈر عالیہ ریاض نے 22 گیندوں پر 3 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 32 رنز ناٹ آوٹ رہیں، جس کی مدد سے مہمان ٹیم نے 137 رنز بنائے۔بتایا گیا ہے 138 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ ویمنز ٹیم 7 وکٹوں پر127 رنز بناسکی، نیوزی لینڈ کی جارجیا پیمر نے 28 اور ہینا رو نے 33 رنز بنائے، پاکستان ویمنز کی جانب سے فاطمہ ثنا نے 22 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں، سعدیہ اقبال نے 29 رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم کو نیوزی لینڈ میں ٹی ٹوینٹی سیریز جیتنے پر مبارکباد دی ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستانی خواتین کھلاڑی کسی قدر بھی مردوں سے پیچھے نہیں، اسی طرح محنت کرتی رہیں تو پاکستان وومن کرکٹ ورلڈ کپ بھی اپنے نام کر جائے گا، پاکستان وومن کرکٹرز اور ان کے اہلِ خانہ کو اس کامیابی پر مجھ سمیت پوری قوم کی جانب سے مبارک ہو۔