لاہور(آن لائن) پاکستان کے آل فارمیٹ کے کپتان بابر اعظم خاص طور پر وائٹ بال کرکٹ میں قیادت سے دستبردار ہونے پر غور کر رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق 29 سالہ کھلاڑی پی سی بی کے سابق چیئرمین رمیز راجہ اور اپنے قریبی لوگوں سے مشاورت کرتے ہوئے اپنے مستقبل کے بارے میں رہنمائی حاصل کر رہے ہیں۔ جمعہ کو کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں ٹریننگ کے دوران بابر اعظم نے رمیز راجہ سے مشورہ طلب کیا۔کپتان کے طور پر برقرار رہنے کے بارے میں فیصلہ ان کی وطن واپسی پر مشاورت سے متاثر ہوگا۔ موجودہ حالات میں بابر اعظم خاص طور پر اپنے والد سے ملنے والے مشوروں کو اہمیت دیتے ہیں۔ پی سی بی اور سابق کرکٹرز کے طرز عمل پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے بابر اعظم کو قریبی لوگوں سے مشورہ ملا ہے جس میں انہیں تینوں فارمیٹس کی قیادت سے دستبردار ہونے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ذرائع نے مزید کہا کہ یہ تجویز اس یقین پر مبنی ہے کہ بہت سے نامور کپتانوں کو آسٹریلیا میں ٹیسٹ سیریز میں چیلنجز کا سامنا رہا ہے۔ نتیجتا بابر اعظم کے اندرونی حلقوں میں موجود افراد نے انہیں ریڈ اور وائٹ بال دونوں کرکٹ میں کپتانی سے دستبردار ہونے کی سفارش کی ہے۔ اگرچہ بابر اعظم نے ابتدائی طور پر بھارت میں رہتے ہوئے یہ فیصلہ کرنے کا منصوبہ بنایا تھا لیکن اب انہوں نے اسے ملتوی کر دیا ہے اور وطن واپسی پر اپنے انتخاب کو حتمی شکل دیں گے۔واضح رہے کہ پاکستان ورلڈ کپ 2023 کے فائنل فور میں جگہ نہ بنانے کے دہانے پر ہے، پاکستان نے چار میچوں میں فتوحات حاصل کی ہیں اور اتنے ہی میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ بابر اعظم کی قیادت میں ٹیم کو بھارت، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ اور افغانستان کے خلاف ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، جب کہ وہ نیدرلینڈ، سری لنکا، بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کے خلاف فاتح بن کر ابھرے۔
Load/Hide Comments



