شاہین آفریدی میں کپتان بننے کی قابلیت ہے: شاہد آفریدی

لاہور(آن لائن) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ فاسٹ بولر شاہین آفریدی میں کپتانی کی قابلیت ہے، انہوں نے لاہور قلندرز کو دو بار پی ایس ایل فائنل میں پہنچایا ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا کہ میری کبھی خواہش نہیں رہی کہ شاہین ٹیم کی کپتانی کرے لیکن میں یہ ضرور سمجھتا ہوں کہ اس میں کپتانی کی قابلیت ہے۔انہوں نے کہا کہ میں بابراعظم کا بہت بڑا مداح ہوں لیکن اس ورلڈکپ میں وہ اپنی کارکردگی نہیں دکھا رہے، ویرات کوہلی کی طرح بابربھی ٹاپ لیگ کے ٹاپ کھلاڑیوں میں نظر آنے چاہئیں۔ اس کے علاوہ نجی میڈیا چینل سے گفتگو کے دوران میزبان نے شاہد آفریدی سے سوال کیا کہ کیا انہیں کبھی بالی ووڈ سے کسی مووی کی آفر ہوئی؟ اس کے جواب میں شاہد آفریدی نے کہا کہ مجھے 2 سے 3 مرتبہ فلمز میں کام کرنے کے حوالے سے پیشکش ہوئی ہے جس میں بالی ووڈ موویز بھی شامل ہیں لیکن میرا خیال ہے کہ انسان کو وہی کرنا چاہیے جو وہ کرسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ میری شناخت کرکٹ سے ہے، میں نے فلموں میں کام نہیں کیا نہ ہی میری فیملی سے کبھی کسی نے کام کیا لہذا میں نے اس حوالے سے اب تک نہیں سوچا، میں نے کچھ کمرشل کیلئے کام کیے ہیں لیکن اس فیلڈ کیلئے اس سے زیادہ کام نہیں کیا۔