جس انداز میں بولرز نے محنت کرکے فائٹ بیک کیا اس پر فخر ہے: مکی آرتھر

چنائے (آن لائن)پاکستان کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر مکی آرتھر نے کہا ہے کہ جنوبی افریقہ کیخلاف میچ باؤلرز نے ٹورنامنٹ کی بہترین بولنگ کی، جس انداز میں بولرز نے محنت کرکے فائٹ بیک کیا اس پر فخر ہے، کوشش سب کررہے ہیں مگر ہماری بیٹنگ فارم میں نہیں آرہی۔میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج بولنگ بہتر کی مگر بیٹنگ میں رنز نہ کر پائے، آخری پانچ اوورز ٹھیک طرح نہیں کھیل سکے اگر 300 کر جاتے تو اسکا دفاع ہوسکتا تھا۔مکی آرتھر نے کہا کہ ہم اس معیار کی کرکٹ نہیں کھیل پا رہے جو ورلڈ کپ میں درکار ہے، افغانستان کے خلاف بھی ہم تینوں شعبوں میں ایوریج تھے۔انہوں نے کہا کہ کوشش کریں گے کہ بقیہ تین میچ جیت کر اچھے انداز میں ٹورنامنٹ ختم کریں۔قومی ٹیم کے ڈائریکٹر مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ ہم نے یہ ٹورنامنٹ اچھا نہیں کھیلا، بابراعظم، انضمام یا کسی پر بھی الزام دینا ٹھیک نہیں ہوگا، جانتا ہوں کہ پلیئرز اور اسٹاف نے پوری کوشش کی۔