دنیا اسرائیلی کارروائی روکنے کے اقدامات کرے، سعودی عرب

ریاض(آن لائن)سعودی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ بین الاقوامی برادری فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی فوجی کارروائی روکنے کے لیے اقدامات کرے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی وزارت خارجہ کا اپنے بیان میں کہنا تھاکہ انسانی تباہی کو روکنے، غزہ کے باشندوں کے لیے ضروری امداد و ادویات کی فراہمی کے لیے اقدامات کیے جائیں۔وزارت خارجہ نے کہا کہ فلسطینیوں کو بنیادی ضروریات سے محروم رکھنا بین الاقوامی انسانی قانون کی خلاف ورزی ہے۔سعودی وزارت خارجہ نے کہا کہ سعودی عرب سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق امن عمل کو آگے بڑھانے پر زور دیتا ہے، اس اقدام کا مقصد فلسطین کا منصفانہ اور جامع حل تلاش کرنا ہے۔