جنیوا،عالمی ادرہ صحت کا اسرائیل سے انخلا کے حکم پر نظر ثانی کرنے کا مطالبہ

جنیوا (آن لائن) عالمی ادارہ برائے صحت نے اسرائیل سے انخلا کے حکم پر نظر ثانی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق اسرائیل کی جانب سے غزہ کے شمال میں مقامی افراد کو ہسپتالوں سمیت علاقہ خالی کرنے کی ہدایت پر عالمی ادارہ صحت کے ترجمان طارق یاشاریویچ کا کہنا ہے کہ یہ کام ناممکن ہے اور تنظیم اس حکم پر نظر ٹانی کرنے کا مطالبہ کر رہی ہے۔انھوں نے بی بی سی کو بتایا کہ وہاں ایسے مریض ہیں جنہیں آسانی سے منتقل نہیں کیا جا سکتا، بہت سے مکینیکل وینٹی لیٹرز پر جبکہ انکیوبیٹرز پر نوزائیدہ بچے ہیں، لوگ ناساز حالت میں ہیں اور انھیں منتقل کرنا بہت مشکل ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم اسرائیل سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ وہ اس حکم پر نظر ثانی کرے۔ ترجمان نے کہا کہ چار ٹرک سرجری کے سامان کے ساتھ ساتھ دائمی بیماریوں کے لیے ادویات بھی حال ہی میں رفح بارڈر کراسنگ کے ذریعے غزہ میں لائے گئے ہیں لیکن یہ نا کافی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مصر کی طرف مزید سامان تیار ہے لیکن حفاظتی ضمانتیں نہیں ہیں کہ انھیں بحفاظت لایا جا سکتا ہے۔