تل ابیب (آن لائن) اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان کشیدگی دوسرے ہفتے میں جاری ہے، غزہ پر مسلسل اسرائیلی بمباری اور گھروں اور رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنانے کے نتیجے میں مزید فلسطینیوں کی ہلاکتیں ہوئی ہیں۔فلسطینی میڈیا کا کہنا تھا کہ جمعرات کو غزہ کے جنوب میں وسطی خان یونس میں ایک مکان پر بمباری کے نتیجے میں 8 افراد جان سے گئے اور درجنوں زخمی ہو ئے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ گھر ایک گنجان آباد محلے میں واقع ہے۔ اس سے پہلے فلسطینی ٹیلی ویڑن نے کہا تھا کہ شمالی غزہ کی پٹی میں جبالیہ کیمپ میں ایک مکان پر اسرائیلی بمباری میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔ ٹیلی ویڑن نے مرنے اور زخمی ہونے والوں کی تعداد نہیں بتائی۔یہ بات ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب فلسطینی میڈیا نے کہا ہے کہ اسرائیلی فورسز غزہ میں دیر البلح میں 3 ٹاوروں کو بم سے اڑانے کی دھمکی دے رہی ہیں۔مکینوں کو فوری طورپر وہاں سے نکلنے کی دھمکی دی جا رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی فورسز نے دیر البلح میں مدین الزہرہ کے ایک ٹاور پر انتباہی میزائل داغا تاکہ اسے تباہ کرنے کی تیاری کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ دوسرے انتباہی میزائل نے دوسرے ٹاور کو نشانہ بنایا جس میں رہائشی اپارٹمنٹس کی ایک بڑی تعداد موجود ہے۔ادھرمغربی کنارے میں بھی اسرائیلی فورسز نے فائرنگ کر کے تین فلسطینیوں کو شہید کر دیا۔
Load/Hide Comments



