نیدر لینڈز کیخلاف میچ میں رضوان کی گراونڈ میں نماز ادائیگی کی ویڈیو وائرل

حیدر آباد(آن لائن)آئی سی سی ورلڈکپ میں نیدرلینڈز کے خلاف میچ میں پاکستانی وکٹ کیپر محمد رضوان کی گراونڈ میں نماز ادائیگی کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔جمعہ کو بھارتی شہر حیدر آباد دکن میں کھیلے گئے آئی سی سی مینز ورلڈکپ کے میچ میں پاکستان نے نیدرلینڈز کو با آسانی 81 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں فاتحانہ آغاز کر دیا۔پاکستان کے 287 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیدرلینڈز کی ٹیم 41 اوورز میں 205 رنز بنا کر آوٹ ہوگئی۔ہدف کے تعاقب میں جب نیدرلینڈز کی اننگز جاری تھی کہ میچ میں پانی کے وقفہ کے دوران محمد رضوان نے گراونڈ میں ہی نماز ادا کی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے محمد رضوان کے اس عمل کو سراہا جا رہا ہے۔واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ جب رضوان نے میچ کے دوران گراونڈ میں نماز ادا کی ہو۔2021 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان اور بھارت میچ کے دوران محمد رضوان کی گراونڈ میں نماز ادائیگی کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں.