ایشیا کپ میں قومی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کے بعد پی سی بی بڑا فیصلہ کرنے پر مجبور ہو گیا

لاہور (آن لائن)ایشیا کپ میں قومی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کے بعد پی سی بی بڑا فیصلہ کرنے پر مجبور ہو گیا، ایشیا کپ میں قومی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی پر پی سی بی حکام سخت پریشان، چئیرمین ذکا اشرف نے بھی اہم پیغام جاری کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق ایشیا کپ کیلئے فیورٹ قرار دی جانے والی پاکستانی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے اندرونی حلقوں میں کافی بے چینی دیکھی جا رہی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایشیا کپ 2023 میں ٹیم کی کارکردگی کے معاملے پر بڑی بیٹھک بلا لی ہے۔ ذرائع کے مطابق ایشیا کپ میں قومی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی پر پی سی بی حکام پریشان ہیں، جس پر بورڈ نے سابق کپتانوں اور سابق کرکٹرز کو مشاورت کے لیے بلا لیا ہے۔بتایا گیا ہے کہ پی سی بی ورلڈ کپ سے قبل سابق کرکٹرز سے مشاورتکرے گی، سابق کرکٹرز سے ایشیا کپ کی کوتاہیوں، ورلڈکپ اسکواڈ سے متعلق مشورہ کیا جائے گا۔جبکہ اس حوالے چئیرمین کرکٹ بورڈ کا بھی اہم بیان سامنے آیا ہے۔ چئیرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف کا کہنا ہے کہ چاہتے ہیں پاکستان کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ میں بہترین کارکردگی دکھائے، ایشیا کپ میں جو بھی غلطیاں ہوئیں ان کا جائزہ لیا جائے گا، ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم سے قوم مایوس نہیں ہوگی۔ یہاں واضح رہے کہ بھارت میں شیڈول کرکٹ ورلڈکپ کے آغاز میں اب 3 ہفتوں سے بھی کم وقت باقی رہ گیا ہے، تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے تاحال ورلڈکپ کیلئے پاکستانی اسکواڈ کا اعلان نہیں کیا گیا۔ذرائع کے مطابق ایشیا کپ کی کارکردگی کے بعد ورلڈکپ کیلئے قومی ٹیم میں کئی تبدیلیاں کیے جانے کا امکان ہے۔ آئندہ چند روز میں چیف سلیکٹر انضام الحق ورلڈکپ کیلئے قومی ٹیم کے اسکواڈ کا اعلان کریں گے۔