ریاض (آن لائن) سعودی عرب کے مفتی اعظم، سینئر علما کونسل کے چیئرمین اور قائمہ کمیٹی برائے سائنسی تحقیق کے چیئرمین شیخ عبدالعزیز بن عبداللہ آل الشیخ نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان کی جانب سے عالمی اسلامی کانفرنس (رابطہ و ہم آہنگی) کے انعقاد کی منظوری کو قابل تعریف قرار دے دیا۔ سعودی میڈیا کے مطابق اس کانفرنس کا انعقاد اسلامی امور، دعوت و رہنمائی کی وزارت کر رہی ہے، جس میں دنیا بھر سے مختلف شعبوں کے 150 علمائے کرام، مفتیان عظام اور شیوخ شریک ہو رہے ہیں۔2 روزہ کانفرنس 26 اور 27 اگست کو ہو گی۔سعودی عرب کے مفتی اعظم نے اس بات کی تصدیق کی کہ خادم حرمین شریفین کی منظوری سے اس کانفرنس کے انعقاد سے دنیا بھر کے مسلمانوں میں سعودی عرب کی دلچسپی اور اس کی اسلامی تعلیمات کو پھیلانے کی خواہش کا اظہار ہوتا ہے۔کتاب و سنت کے مطابق دین اور دنیا میں امن و محبت پھیلانے کے سعودی عرب کے جذبہ کا بھی اظہار ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مکہ مکرمہ میں اس کانفرنس کا انعقاد ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب کچھ تنازعات اور نفرتیں بھڑک رہی ہیں۔ یہ کانفرنس اس پیغام کا ثبوت ہے جو مملکت اسلام کی رواداری، اعتدال پسندی اور بقائے باہمی کی دعوت کے بارے میں دنیا کے سامنے پیش کرتی ہے۔سعودی عرب نفرت اور عدم برداشت کو مسترد کرنا اور لوگوں میں پھیلنے والے نفرت اور تشدد کے جذبات کوکم کرنے کے لیے ایک شراکت دار کے طور پر کام کر رہا ہے۔
Load/Hide Comments



