1999 میں ہمیں 10 ہزار فی میچ معاوضہ ملا کرتا تھا، عبدالرزاق

لاہور(آن لائن) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈرز عبدالرزاق نے ماضی میں قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کی تنخواہوں سے متعلق انکشاف کرتے ہوہے کہ ‘1996 میں میرے ڈیبیو کے زمانے میں ون ڈے اور ٹیسٹ میچز کافی زیادہ کھیلے جاتے تھے، 1999 میں ہمیں 10 ہزار فی میچ معاوضہ ملا کرتا تھا، بعدازاں سن 2000 میں اس میں بڑا اضافہ ہوا اور ہمیں ڈھائی لاکھ روپے ملنے لگے جب کہ بھارت میں اس وقت فرسٹ کلاس کرکٹ کے لیے رقم بہت زیادہ تھی، وہ ایک میچ کا لاکھ یا ڈیڑھ لاکھ روپے لیتے تھے جب کہ ہم انٹرنیشنل میں 10 ہزار لے رہے تھے’۔ ایک پوڈ کاسٹ انٹرو یو میں قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے معاوضے سے متعلق سوالات کیے گئے جس کی تفصیلات عبدالرزاق نے بتائیں۔ عبدالرزاق نے کہا ‘ہم لوگ ایک سال میں اوسطً 30 سے 35 ون ڈے اور تقریباً 9 یا 10 ٹیسٹ میچز کھیلتے تھے، ہماری ساری کمائی پاکستانی ٹیم سے ہوتی تھی، اچھی بات یہ تھی کہ عزت تھی’۔انہوں نے بتایا کہ ‘2001 سے قبل کوئی سینٹرل کانٹریکٹ نہیں ہوا کرتا تھا، اس وقت ہم اچھی اوسط کے ساتھ کھیلتے تھے، اس وقت ہمیں کرکٹ کھیلنے کا شوق ہوا کرتا تھا’۔ ایک سوال پر عبدالرزاق نے بتایا کہ ‘2013 میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لی اس وقت تک ون ڈے کے لیے ساڑھے 5 یا 6 لاکھ اور ٹیسٹ میچوں کے لیے 10 لاکھ روپے تک کا اضافہ ہو گیا تھا، جب کہ ٹی ٹوئنٹی کے 3 سے ساڑھے تین لاکھ ہوا کرتے تھے جو کہ اب اس سے دْگنا یا تگنا ہوچکا ہے’۔سابق کرکٹر نے مزید بتایا کہ اس وقت ان کے پاس اچھے اسپانسرز اور اشتہارات بھی ہوا کرتے تھے جس سے اچھی آمدن ہوجایا کرتی تھی۔