زمینی دو طرفہ تجارت، پاکستان کیساتھ کام جاری رکھنے کیلئے تیار ہیں، چین

بیجنگ (آن لائن)چین نے پاکستان سے معیاری زرعی مصنوعات کو اپنی منڈی میں داخل کرنے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ زمینی نقل و حمل کے ذریعے دوطرفہ تجارت کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کے ساتھ کام جاری رکھنے کے لیے تیارہیں۔چینی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بن نے زمینی راستے سے سمندری خوراک کی در آمد کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ ہر موسم کے تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داروں کے طور پر چین اور پاکستان تجارت اور دیگر شعبوں میں قریبی تعاون میں مصروف ہیں۔ ترجمان وزارت خارجہ نے کہا کہ ہم چین کی مارکیٹ میں داخل ہونے کے لیے پاکستان سے معیاری زرعی مصنوعات کا خیرمقدم کرتے ہیں اور زمینی نقل و حمل کے ذریعے اپنی تجارت کو فروغ دینے، پائیدار ترقی، دو طرفہ تجارت کے حصول اور اپنے دونوں عوام کو مزید فوائد پہنچانے کے لیے پاکستان کے ساتھ کام جاری رکھنے کے لیے تیار ہیں۔چین کو سمندری خوراک کی بر آمد پر تبصرہ کرتے ہوئے چین میں پاکستان کے سفیر معین الحق نے کہا کہ پاکستان اور چین کی حکومتیں قراقرم ہائی وے کے ذریعے زیادہ سے زیادہ پاکستانی سمندری غذا اور زرعی مصنوعات کو چینی مارکیٹ میں لانے کے لیے مشترکہ کوششیں کر رہی ہیں۔ہم اس زمینی راستے سے چینی مارکیٹ میں مزید پاکستانی سمندری غذا اور زرعی مصنوعات لانے کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں۔ خنجراب بارڈر کے ذریعے پاکستان کی اعلیٰ معیار کی مصنوعات کی تجارت اور بر آمدات کو آسان بنانا پاک چین مشترکہ مقصد ہے۔